لاہور: (دنیا نیوز) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے سینیئر منیجر و سلیکٹر وہاب ریاض نے رپورٹ پی سی بی کو جمع کرا دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تفصیلی رپورٹ وہاب ریاض نے ڈائریکٹر عثمان واہلہ کو جمع کرائی، منیجر منصور رانا کی بھی رپورٹ اس کے ساتھ شامل ہے، وہاب ریاض نے رپورٹ میں ورلڈ کپ میں ٹیم کی ناقص کارکردگی کی وجوہات بتائیں۔
ذرائع کے مطابق وہاب ریاض کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قومی ٹیم نے سکل فل کرکٹ نہیں کھیلی ، کھلاڑیوں کو اپنی مہارت کے مطابق کھیلنا چاہیے تھا، کھلاڑیوں میں کو آرڈینیشن اور پلان پر عمل درآمد کا فقدان نظر آیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کھلاڑیوں کو ایک کوآرڈینیشن اور جذبے کے ساتھ کھیلنا چاہیے تھا، بھارت کے خلاف میچ میں جیت کے ارادے کو نہیں چھوڑنا چاہیے تھا۔
ذرائع کے مطابق وہاب ریاض نے رپورٹ میں مستقبل میں کرکٹ کی بہتری سے متعلق تجاویز بھی دیں۔