بارباڈوس: (دنیا نیوز) بھارت جنوبی افریقا کو شکست دے کر 17 سال بعد دوسری مرتبہ ٹی 20 عالمی چیمپئن بن گیا۔
بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے، ویرات کوہلی 76 اور اکشر پٹیل 47 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، کیشو مہاراج اور اینرک نورکیا نے 2، 2 جبکہ مارکو جانسین اور کگیسو ربادا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
بھارت نے میچ کا جارحانہ آغاز کیا، بھارت کی پہلی اور دوسری وکٹ 23 رنز کے مجموعی سکور پر گری، کپتان روہت شرما 9 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے ان کے بعد بیٹنگ کیلئے آنیوالے رشبھ پنت پہلی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔
بھارت کی تیسری وکٹ 34 رنز کے مجموعی سکور پر گری، سوریا کمار یادو 3 رنز بناکر کیچ تھما گئے۔
بھارت کی چوتھی وکٹ 106 رنز پر گری جب اکشر پٹیل 47 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے، 163 رنز کے مجموعی سکور پر ویرات کوہلی 76 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
آخری اوور میں شیوم دوبے 27 اور رویندرا جڈیجا 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ ہاردک پانڈیا 5 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
بھارت کے 177 رنز کے ہدف میں جنوبی افریقا کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور ابتدائی دو وکٹیں 12 رنز پر گر گئیں۔
کوئنٹن ڈی کاک اور ٹرسٹن ٹبس نے تیسری وکٹ پر 58 رنز کی پارٹنرشپ بنا کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی تاہم ٹرسٹن ٹبس 31 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
کوئنٹن ڈی کاک 39 رنز بناکر کلدیپ کو کیچ دے بیٹھے تاہم کلاسن نے جارحانہ اننگز کھیلی اور 27 گیندوں پر 5 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 52 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
آخری اوور میں جنوبی افریقا کو جیت کیلئے 16 رنز درکار تھے تاہم ہاردک پانڈیا کی گیند پر سوریا کمار یادیو نے ملر کا باؤنڈری پر شاندار کیچ لیا۔
اگلی گیند پر 4 رنز بنے پھر تیسری پر ایک رن بن سکا، چوتھی گیند پر بھی ایک رن آیا، اگلی وائیڈ بال ہوئی جس کے بعد پانچویں گیند پر ربادا کیچ آؤٹ ہوگئے اور آخری گیند پر ایک رن بن سکا۔
یوں جنوبی افریقا کو 7 رنز سے شکست دیکر بھارت 17 سال بعد دوسری بار ٹی ٹوئنٹی کا چیمپئن بن گیا، اس سے قبل بھارت 2007 میں ٹی ٹوئنٹی چیمپئن بنا تھا۔
جنوبی افریقا کی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنا سکی، جسپریت بمرا کے شاندار سپیل نے بھارت کو فتح دلائی اور انہوں نے 4 اوور میں 18 رنز دیکر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ارشدیپ نے بھی 2 وکٹیں لیں۔
مین آف دی میچ
59 بالز پر 76 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر ویرات کوہلی کو مین آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ میرا آخری ٹی 20 ورلڈ کپ تھا اور یہ وہی ہے جو ہم حاصل کرنا چاہتے تھے۔