بارباڈوس: (ویب ڈیسک) سمندری طوفان کی وارننگ کے باعث ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے فاتح بھارت اور رنراپ جنوبی افریقہ کی ٹیمیں بارباڈوس میں پھنس گئیں۔
عالمی میڈیا کے مطابق بارباڈوس میں کیٹگری 4 طوفان بیریل کی پیشگوئی کی گئی ہے، سمندری طوفان کے پیش نظر بارباڈوس کے ایئرپورٹ کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ دوسرا شدید ترین طوفان بتایا جا رہا ہے، بارباڈوس میں کرفیو جیسی صورتحال ہے کسی کو باہر نکلنے کی اجازت نہیں جبکہ طوفان کے اگلے چند گھنٹوں میں ساحل سے ٹکرانے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
بارباڈوس میں ہلکی بارش کا سلسلہ بھی جاری ہے، بھارت اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں ہوٹل کے اندر موجود ہیں اور ہوٹل کا سٹاف بھی بہت کم تعداد میں موجود ہے جبکہ سکواڈ کو قطاروں میں لگ کر کھانا لینا پڑ رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی بورڈ چارٹرڈ فلائٹ کے بھی انتظامات کر رہا ہے تاہم صورتحال ایئرپورٹ کھلنے پر منحصر ہے، اگلے 24 گھنٹوں کے دوران کے لائحہ عمل کا کسی کو علم نہیں۔