لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) حکام نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے پہلے قذافی سٹیڈیم کو جدید شکل دینے کے ساتھ نام بھی بدلنے کا منصوبہ بنا لیا۔
اکتوبر 2022ء میں پانچ سالہ معاہدے کے تحت کراچی کے نیشنل سٹیڈیم کو نیشنل بینک سٹیڈیم کا نام دیا جاچکا ہے، اب اسی طرز پر قذافی سٹیڈیم کو بھی سپانسر کا نام دیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی کی جانب سے ری نیمنگ قذافی سٹیڈیم کا باقاعدہ ٹینڈر جاری کرنے کے بعد چند سپانسرز اداروں کی جانب سے دلچسپی ظاہر کی گئی ہے، ابتدائی کاغذی کارروائی مکمل ہوچکی تاہم حتمی منظوری ہونا باقی ہے۔
واضح رہے کہ لاہور سٹیڈیم کے نام سے پکارے جانے والے اس سٹیڈیم کو 19 مارچ 1972ء میں لیبیا کے اس وقت کے صدر معمر قذافی کے نام پر قذافی سٹیڈیم کا نام دیا گیا، اعلان اس وقت کے وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو نے ایک جلسے میں کیا تھا، 20 اکتوبر 2011ء کو معمر قذافی کا انتقال ہو گیا۔