لاہور: (دنیا نیوز) 3 ٹی 20 میچوں کی سیریز میں شرکت کیلئے جنوبی افریقہ کی ویمنز کرکٹ ٹیم آئندہ ماہ پاکستان پہنچے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جنوبی افریقا کی ٹیم 13 ستمبر کو ملتان پہنچے گی، جہاں تمام میچز کھیلے جائیں گے، یہ میچز 16، 18 اور 20 ستمبر کو ہوں گے۔
سیریز کے بعد جنوبی افریقہ کی ٹیم 21 ستمبر کو متحدہ عرب امارات کے لیے روانہ ہوگی جبکہ پاکستان ٹیم 23 ستمبر کو روانہ ہوگی۔
پاکستان آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے گروپ اے میں آسٹریلیا، بھارت نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے ساتھ شامل ہےجبکہ جنوبی افریقا، گروپ بی میں بنگلادیش، انگلینڈ، اسکاٹ لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے ساتھ ہے۔
سکاٹ لینڈ اور بنگلادیش کے خلاف بالترتیب 28 اور 30 ستمبر کو وارم اپ میچوں کے بعد پاکستان کا مقابلہ 3 اکتوبر کو شارجہ میں سری لنکا سے ہوگا، اس کے بعد 6 اکتوبر کو بھارت کے خلاف میچ دبئی میں ہوگا۔
آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈکپ 2024 کیلئے اعلان کردہ اسکواڈ جنوبی افریقا کے خلاف 3 میچوں کی سیریز میں حصہ لے گا۔