چیمپئنز ون ڈے کپ: پینتھرز کی سٹالینز کو شکست، پلے آف مرحلے کیلئے کوالیفائی کر لیا

Published On 21 September,2024 07:52 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) چیمپئنز ون ڈے کپ کے نویں میچ میں پینتھرز کی ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سٹالینز کو 20 رنز سے شکست دے کر پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

پینتھرز نے سٹالینز کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 344 رنز بنائے، 345 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سٹالینز کی ٹیم آخری اوور میں 324 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

سٹالینز کی جانب سے طیب طاہر 109 اور حسین طلعت 63 رنز بنا کر نمایاں رہے، زمان خان نے 16 گیندوں پر 42 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی، جہانداد خان نے 24 اور عادل امین نے 23 رنز بنائے۔

پینتھرز کی جانب سے مبصر خان نے 3، محمد حسنین اور علی رضا نے دو، دو جبکہ عماد بٹ اور عرفات منہاس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پینتھرز کی جانب سے صائم ایوب شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 156رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے، عثمان خان نے 75 اور اذان اویس نے 51 رنز بنائے۔

سٹالینز کی جانب سے زمان خان نے 4 جبکہ جہانداد خان اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔