قومی اوپننگ جوڑی کی مسلسل ناکامی، امام الحق کی ٹیم میں واپسی متوقع

Published On 12 October,2024 06:25 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) انگلینڈ کے خلاف ملتان ٹیسٹ میں ہوم گراؤنڈ پر بدترین شکست کے بعد دوسرے ٹیسٹ کیلئے قومی ٹیم میں اہم تبدیلیاں متوقع ہیں۔

میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ قومی ٹیم کی اوپننگ جوڑی عبداللہ شفیق اور صائم ایوب کی مسلسل ناکامی کے پیش نظر امام الحق کی پلیئنگ الیون میں واپسی پر غور کیا جارہا ہے جبکہ انکے علاوہ کامران غلام، میر حمزہ، نعمان علی اور نوجوان اوپنر محمد حریرہ کو بھی لائن اَپ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب یہ خبریں بھی زیر گردش ہیں کہ انگلینڈ کے خلاف جاری تین میچوں کی سیریز کے بعد شان مسعود کو کپتانی سے ہٹا دیا جائے گا جبکہ انکی جگہ محمد رضوان، سعود شکیل اور آغا سلمان کے نام قیادت کیلئے زیر غور ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال بابراعظم کو کپتانی سے ہٹائے جانے کے بعد شان مسعود نے دورہ آسٹریلیا میں قومی ٹیم کی قیادت سنبھالی تھی تاہم وہ اب تک پاکستان کو ایک بھی ٹیسٹ میچ میں فتح نہیں دلا سکے۔