لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ میں ذمہ داریاں تفویض ہونے کے بعد لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید کا فرنچائز کے ساتھ سفر اختتام پذیر ہو گیا۔
لاہور قلندرز انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ فرنچائز کے ساتھ عاقب جاوید کا یہ سفر پاکستان کرکٹ بورڈ میں ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد ختم ہوا، عاقب جاوید نے 8 سال تک لاہورقلندرز کے ڈائریکٹر آف کرکٹ آپریشنز اور ہیڈ کوچ کے طور پر خدمات سرانجام دیں ۔
فرنچائز انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عاقب جاوید کی کوچنگ میں ٹیم نے 2020 سے 2023 کے درمیان 3 پی ایس ایل فائنلز کھیلے جن میں سے 2 ٹائٹلز مسلسل جیتے، عاقب جاوید کا لاہور قلندرز کے ساتھ تعلق انتہائی اہم رہا اور انہوں نے لاہور قلندرز کے ویژن کو آگے بڑھانے اور فرنچائز کے اہم پلیئرز ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کے لیے اہم کردار ادا کیا۔
اس حوالے سے عاقب جاوید نے کہا ہے کہ میرا قلندرز کے ساتھ وقت ایک ناقابل فراموش سفر رہا ہے جو یادگار لمحات اور اہم کامیابیوں سے بھرا ہوا ہے، پلیئرز ڈویلپمنٹ پروگرام جو میرے دل کے قریب رہا نوجوان ٹیلنٹ کو ترقی کرتے اور ابھرتے دیکھنا انتہائی اطمینان بخش رہا ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ فرنچائز کی میدان کے اندر اور باہر کامیابیوں میں حصہ ڈالنا ایک قابل فخر تجربہ تھا، شاندار 8 سالوں کے بعد مجھے محسوس ہوتا ہے کہ اب قومی ٹیم کے ساتھ نئے چیلنجز کو قبول کرنے کا وقت آگیا ہے۔