دبئی: (دنیا نیوز) چیمپئنز ٹرافی کے مستقبل کا فیصلہ پھر نہ ہوسکا، آج ہونیوالی بورڈ میٹنگ ملتوی کردی گئی۔
ذرائع کے مطابق آج ہونیوالی میٹنگ میں پاکستان کرکٹ بورڈ ایک بار پھر اپنے مؤقف پر سختی سے قائم رہا، پی سی بی نے آج اجلاس میں کسی بھی قسم کا کوئی ہائبرڈ ماڈل قبول نہ کرنے کے حوالے سے بورڈ ممبران اور آئی سی سی کو آگاہ کیا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان کے بے لچک مؤقف کی وجہ سے اجلاس کل تک کے لیے ملتوی کر دیا گیا، اجلاس کے دوران بھارتی کرکٹ بورڈ نے بھی آئی سی سی حکام کو اپنا مؤقف پیش کیا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستان کی گزشتہ روز کی میٹنگ کے بعد آئی سی سی کی جانب سے مختلف سٹیک ہولڈرز سے رابطے کیے گئے، آئی سی سی ہی اب اپنا معقول اور قابل عمل فارمولا دے گا تو بات بڑھے گی۔
پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے آئی سی سی کو مؤقف واضح کردیا ہے اس کے مطابق کوئی حل نکلے گا تو ہی پاکستان قبول کرے گا۔