دبئی: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے متحدہ عرب امارات کے کرکٹ بورڈ کے ہیڈ و آئی سی سی ایسوسی ایٹس ممبر کمیٹی کے چیئرمین مبشر عثمانی سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے انعقاد کے حوالے سے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، پاکستان اور یو اے ای میں کرکٹ کے فروغ کیلئے مزید اقدامات پر گفتگو کی گئی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن پراجیکٹس پر پیش رفت کے بارے میں بتایا۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لیے پوری طرح تیار ہے، پاکستان پُرامن ملک ہے اور پاکستانی قوم کرکٹ کے کھیل سے محبت کرتی ہے، سکیورٹی سمیت تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دی جا چکی ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ کرکٹ شائقین چیمپئنز ٹرافی کے بڑے مقابلے کے لیے بے تاب ہیں، تمام ممالک کو سٹیٹ گیسٹ کا پروٹوکول اور سکیورٹی دی جائے گی۔
محسن نقوی نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کا انعقاد پاکستان کے لئے اعزاز ہے اور ہم ہر ٹیم کو کھلے دل سے خوش آمدید کہتے ہیں، ہم نے کرکٹ اور سیاست کو الگ الگ رکھنا ہے۔
اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سمیر احمد اور ایڈوائزر سلمان نصیر بھی موجود تھے۔