لاہور: (دنیا نیوز) چیمپئنز ٹرافی 2025 میں بھارت کے میچز کیلئے دبئی کا وینیو فائنل کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی گزشتہ شب گھوٹکی میں یو اے بورڈ کے سربراہ شیخ نہیان المبارک سے ملاقات ہوئی، شیخ نہیان مبارک اور محسن نقوی کی ملاقات میں نیوٹرل وینیو کا معاملہ طے پاگیا۔
ذرائع کے مطابق بھارت چیمپئنز ٹرافی میں اپنے میچز دبئی میں کھیلے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی پاکستان کو 4.5 ملین ڈالر اضافی فراہم کرے گا تاکہ ملک سے باہر بھارتی ٹیم کے میچز کی میزبانی کے اخراجات کو پورا کیا جاسکے۔
دوسری جانب آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا ممکنہ شیڈول منظر عام پر آگیا ہے جس کے مطابق ایونٹ کا آغاز 19 فروری سے ہوگا۔
ایونٹ کا افتتاحی میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 19 فروری کو کراچی میں کھیلا جائے گا، پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 23 فروری کو نیوٹرل وینیو پر ہو گا، فائنل 9 مارچ کو لاہور یا نیوٹرل وینیو پر ہوگا۔
ذرائع کے مطابق قومی ٹیم اپنا تیسرا میچ 27 فروری کو بنگلادیش کے خلاف کھیلے گی، پہلا سیمی فائنل 3 مارچ اور دوسرا 4 مارچ کو کھیلا جائے گا۔