چیمپئنز ٹرافی کیلئے یو اے ای نیوٹرل وینیو مقرر، پی سی بی نے آئی سی سی کو آگاہ کردیا

Published On 22 December,2024 09:59 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لئے متحدہ عرب امارات ( یو اے ای ) کو نیوٹرل وینیو کے طور پر چن لیا۔

پی سی بی ترجمان کے مطابق قومی کرکٹ بورڈ کی جانب سے باضابطہ طور پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کو نیوٹرل وینیو بارے آگاہ کر دیا گیا ہے اور اب چیمپئنز ٹرافی کا پاک، بھارت میچ بھی یو اے ای میں کھیلا جائے گا۔

ترجمان کے مطابق چیمپینز ٹرافی کے لیے نیوٹرل وینیو کا فیصلہ میزبان پاکستان نے کرنا تھا، وینیو کا حتمی فیصلہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور یو اے ای کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شیخ النہیان کی ملاقات کے بعد ہوا۔

دوسری جانب آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا ممکنہ شیڈول منظر عام پر آگیا ہے جس کے مطابق ایونٹ کا آغاز 19 فروری سے ہوگا۔

ایونٹ کا افتتاحی میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 19 فروری کو کراچی میں کھیلا جائے گا، پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 23 فروری کو نیوٹرل وینیو پر ہو گا، فائنل 9 مارچ کو لاہور یا نیوٹرل وینیو پر ہوگا۔

ذرائع کے مطابق قومی ٹیم اپنا تیسرا میچ 27 فروری کو بنگلادیش کے خلاف کھیلے گی، پہلا سیمی فائنل 3 مارچ اور دوسرا 4 مارچ کو کھیلا جائے گا۔