لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قذافی اسٹیڈیم کی افتتاحی تقریب کا پروگرام شیئر کردیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی قذافی سٹیڈیم کی تعمیر میں شامل ایک ہزار ورکرز کو دن ایک بجے ظہرانہ دیں گے، چیمپیئنز ٹرافی کے لئے قومی کرکٹ ٹیم کی کٹ کی رونمائی بھی کل ساڑھے سات بجے ہو گی۔
افتتاحی تقریب میں نامور گلوکار علی ظفر، عارف لوہار اور آئمہ بیگ پرفارم کریں گی، ڈھول، آتش بازی اور لائٹس شو کا بھی شاندار مظاہرہ ہو گا، تقریب میں شرکت کیلئے عوام کا داخلہ فری ہوگا۔
اس موقع پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا کہ سب سے پہلے ورکرز کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ناممکن ٹاسک کوممکن بنایا، تنقید کےباوجود پوری ٹیم نے انتھک محنت کی۔
انہوں نے کہا کہ ایف ڈبلیو او، نیسپاک، کنٹریکٹرز اور پی سی بی کی ٹیمز نے سٹیڈیم کی تعمیر نو کا خواب حقیقت میں بدلا، تنقید کے باوجود پوری ٹیم نے انتھک محنت کی اور اللہ تعالٰی نے ہمارا راستہ آسان کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں ہونے والی سہ ملکی سیریز سنگل لیگ کی بنیاد پر 8 سے 14 فروری تک کھیلی جائے گی جس کے ابتدائی 2 میچز لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ہوں گے جبکہ آخری لیگ میچ اور فائنل کراچی سٹیڈیم میں ہوگا۔