ہائی وولٹیج ٹاکرا: پاکستان کا بھارت کو جیت کیلئے 242 رنز کا ہدف

Published On 23 February,2025 01:34 pm

دبئی: (دنیا نیوز) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے ہائی وولٹیج ٹاکر ے میں پاکستان نے بھارت کو 242 رنز کا ہدف دے دیا۔

دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 49.4 اوورز میں پوری ٹیم 241 رنزبناکر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے بابراعظم اور امام الحق نے کھیل کا آغاز کیا لیکن آج بھی بابر خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور 26 گیندوں پر محض 23 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، پاکستان کی دوسری وکٹ 47 رنز پر گری جب امام الحق رن آؤٹ ہوئے۔

تیسری وکٹ پر محمد رضوان اور سعود شکیل نے 103 رنز کی شراکت قائم کی، محمد رضوان 46 اور سعود شکیل 62 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، طیب طاہر صرف 4 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کی چھٹی وکٹ 200 کے مجموعی سکور پر گری جب سلمان علی آغا 19 رنز بنا کر کیچ تھما بیٹھے جبکہ اگلی ہی گیند پر شاہین شاہ آفریدی بغیر کوئی سکور بنائے چلتے بنے، نسیم شاہ 14 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، حارث رؤف 8 سکور بناکر رن آؤٹ ہوگئے جبکہ خوشدل شاہ 38 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

بھارت کی جانب سے کلدیپ یادو نے 3، ہاردک پانڈیا نے 2، رویندرا جڈیجا، ہرشیت رانا اور اکشر پٹیل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان ٹیم کی قیادت محمد رضوان کررہے ہیں جبکہ بھارت کی کمان روہت شرما کے ہاتھوں میں ہے، دونوں ٹیموں کے کپتان جیت کیلئے پُرعزم ہیں۔ 

ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، فخر زمان کی جگہ امام الحق کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا ہے، بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے، آئی سی سی کا ہر ایونٹ اہم ہوتا ہے، اس گراؤنڈ میں پاکستان کا ریکارڈ اچھا ہے۔

بھارٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما کا کہنا تھا کہ پچ بنگلہ دیش والے میچ سے مختلف ہے، بنگلہ دیش کیخلاف بھی ہدف کا تعاقب آسان نہیں تھا، ٹاس جیتتے تو پہلے باؤلنگ ہی کرتے، ٹاس ہارنا کوئی مسئلہ نہیں بطور ٹیم کھیلیں گے، بھارٹی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

خیال رہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کا پلڑا بھاری ہے، اس میگا ایونٹ میں پاک بھارت ٹیمیں 5 بار مدمقابل آئیں،شاہینوں نے 3 جبکہ بھارت نے 2 میچز میں فتح سمیٹی ،ون ڈے کرکٹ میں بھی شاہینوں کو بھارتی سورماؤں پر واضح برتری حاصل ہے،دونوں ٹیمیں ایک روزہ کرکٹ میں 135 بار آمنے سامنے آئیں، پاکستان 73 جبکہ بھارت 57 میچوں میں کامیاب رہا۔

پاکستان کا سکواڈ:

پاکستانی سکواڈ میں کپتان محمد رضوان، امام الحق، بابر اعظم، سعود شکیل، سلمان علی آغا، طیب طاہر، خوشدل شاہ، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور ابرار احمد شامل ہیں۔

بھارت کا سکواڈ:

انڈیا کا سکواڈ کپتان روہت شرما،شبمن گل، ویرات کوہلی، شریاس ایئر، اکشر پٹیل، کے ایل راہول، ہارڈک پانڈیا، روندرا جدیجا، ہرشت رانا، محمد شامی اور کلدیپ یادیو پر مشتمل ہے۔