کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان ٹیم کے سلیکٹر اسد شفیق نے حسیب اللہ کے ٹیم سے باہر ہونے کی وجہ بیان کردی۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلیکٹر اسد شفیق نے کہا کہ حسیب اللہ کو آسٹریلیا میں موقع دیا گیا تھا، وہ انجری کی وجہ سے ٹیم سے باہر ہیں، جو ڈومیسٹک میں پرفارم کرے گا اس کو موقع ملے گا۔
اسد شفیق نے کہا کہ پاکستان ٹیم میں شامل نئے پلیئرز کو ڈومیسٹک کی بنیاد پر موقع دیا گیا ہے، ٹی 20 ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیم بنا رہے ہیں۔
علاوہ ازیں ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے کہا کہ سرفراز کی کپتانی والی بات 4 سال پرانی ہوگئی، جو ٹیم ٹی 20 میں بہتر تھی اس کو بھی 2 سال ہوگئے، دو سال میں کرکٹ بدل گئی ہے، ٹی 20 کی ٹیمیں الگ بننے لگی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم بھی ٹی 20 کی الگ ٹیم بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، ٹی 20 میں سٹرائیک ریٹ بڑی اہمیت رکھتا ہے، ایشیا کپ اور ورلڈ کپ دونوں اہم ایونٹ بھارت میں ہیں، ایشیا کی وکٹوں پر لمبے اسکور ہوتے ہیں۔
عاقب جاوید نے کہا کہ آسٹریلیا میں سیریز ہوئی، جہاں لمبے سکور نہیں بنتے، جنوبی افریقا، نیوزی لینڈ ور آسٹریلیا کی کنڈیشن میں سیریز آسان نہیں ہوتی، نوجوان مشکل کنڈیشن میں کھیلیں گے تو اعتماد ملے گا، مشکل کنڈیشن میں کھیل کر جو اعتماد ملے گا وہ ایشیا کی کنڈیشن میں بہت کام آئے گا۔