لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پی ایس ایل 10 کے شاندار اختتام پر لیگ انتظامیہ سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔
محسن نقوی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل 10 کے کامیاب اختتام پر سب سے پہلے اللہ تعالیٰ کے حضور سربسجود ہیں، پی سی بی و پی ایس ایل ٹیم کا دن رات محنت پر دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ یہ پاک آرمی، رینجرز، پولیس اور انتظامیہ کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے، پاک آرمی، ایئر فورس اور نیوی کی جرات اور بہادری کو یادگار خراج تحسین پیش کیا گیا، تینوں فورسز کی طرف سے بھرپور حوصلہ افزائی پر خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ سٹیڈیم آکر میچ دیکھنے پر فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر، ایئر چیف ظہیر احمد بابر اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کے قریب دشمن کے حملے کے بعد پی ایس ایل کا دوبارہ آغاز بہت بڑا چیلنج تھا، پی ایس ایل 10 کا کامیابی سے انعقاد پرامن پاکستان کی جیت ہے، شائقین کرکٹ کے نظم و ضبط اور جوش و خروش کا کوئی جوڑ نہ تھا۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 10 کا فائنل گزشتہ روز قذافی سٹیڈیم میں کھیلا گیا تھا جس میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر تیسری بار ٹائٹل اپنے نام کیا۔