ویمنز ورلڈکپ: نشرہ سندھو نے پاکستان کیلئے نئی تاریخ رقم کر دی

Published On 08 October,2025 09:56 pm

کولمبو: (دنیا نیوز) آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ میں پاکستانی بولر نشرہ سندھو نے پاکستان کیلئے نئی تاریخ رقم کر دی۔

پاکستانی اسپنر نشرہ سندھو نے بدھ کو آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ 2025 میں آسٹریلیا کے خلاف میچ کے دوران شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 اہم وکٹیں حاصل کیں، انہوں نے آسٹریلیا کی ایلیس پیری، انا بیل سدرلینڈ اور تاہلیہ میک گرا کو پویلین بھیجا۔

کینگروز کے خلاف 3 وکٹیں لینے کے بعد نشرہ سندھو اب آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کی تاریخ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی بولر بن گئی ہیں۔

نشرہ نے ورلڈکپ کے 16 میچوں میں سب سے زیادہ 20 وکٹیں حاصل کی ہیں، اس سے قبل یہ ریکارڈ پاکستان کی سابق کپتان ثنا میر کے پاس تھا جنہوں نے ورلڈکپ کے 18 میچوں میں 17 وکٹیں حاصل کیں۔

اس کے علاوہ بائیں ہاتھ کی اسپنر نشرہ نے ندا ڈار کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا ہے اور ویمنز ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں وہ پاکستان کی جانب سے مشترکہ طور پر دوسری سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی بولر بن گئی ہیں۔

دونوں کھلاڑیوں نے ون ڈے میں 108،108 وکٹیں حاصل کیں۔ نشرہ نے یہ سنگ میل 78 میچوں میں حاصل کیا جبکہ ندا ڈار نے 112 میچوں میں 108 وکٹیں حاصل کیں۔