لاہور ٹیسٹ کا تیسرا روز ختم، جنوبی افریقا کو جیت کیلئے 226 رنز درکار

Published On 14 October,2025 05:52 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پاکستان کی ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف دوسری اننگز میں صرف 167 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، جنوبی افریقہ نے 277 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 51 رنز بنا لیے، مہمان ٹیم کو جیت کیلئے اب 8 وکٹوں پر 226 رنز درکار ہیں۔

جنوبی افریقا کی جانب سے دوسری اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور کپتان ایڈن مارکرم 3 اور ویان مولڈر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، ٹونی ڈی زورزی16 اور ریان رکلٹن29 رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ ہیں، پاکستان کی جانب سے دونوں وکٹیں نعمان علی نے حاصل کیں۔

تیسرا روز

قبل ازیں جنوبی افریقی ٹیم پہلی اننگز میں 269 پر آؤٹ ہو گئی تھی جس کے بعد پاکستان کو دوسری اننگز میں 109 رنز کی برتری حاصل ہوئی تھی۔

کھیل کے تیسرے دن جنوبی افریقی ٹیم پاکستان کے خلاف پہلی اننگز کے سکور 378 رنز کو اتارنے کے لیے جب میدان میں اتری تو اس کے 6 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے جبکہ 216 رنز بن چکے تھے۔

دن کا آغاز ٹونی ڈی ذورزی نے 81 اور سینورن متھوسوامی نے 6 رنز سے کیا، آج دن کا آغاز ہوتے ہی سینورن متھوسوامی 11 رنز بناکر ساجد خان کا شکار ہوگئے، ان کے بعد ٹونی ڈی ذورزی 104 رنز بنا کر نعمان علی کی گیند پر اونچا شاٹ کھیلتے ہوئے شاہین آفریدی کے ہاتھوں میں کیچ تھما بیٹھے۔

ان کے بعد سنو ران متھو سوامی 11 رنز بنا کر ساجد خان کی گیند پر بلے کے باہری کنارے پر گیند لگنے کے سبب سلپ پر کھڑے سلمان علی آغا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، کگیسو ربادا بغیر کوئی رن بنائے ساجد خان کا شکار ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے 6 وکٹیں اپنے نام کیں جبکہ ساجد خان نے 3 اور سلمان علی آغا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

دوسری اننگز میں پاکستان کی جانب سےپہلی اننگز میں 93 رنز بنالے والے اوپننگ بیٹر امام الحق اس مرتبہ جلدی آؤٹ ہوئے، وہ سیموون ہارمر کی گیند پر باہر نکل کر روکنا چاہ رہے تھے مگر کامیاب نہ ہوسکے اور اسٹمپس ہوگئے جب کہ پہلی اننگز میں 76 رنز بنانے والے کپتان شان مسعود صرف 7 رنز کا اضافہ کرسکے۔

پاکستان کی تیسری وکٹ 64 کے سکور پر گری اور عبداللہ شفیق 41 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ 119 سکور پر بابراعظم 42 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔

کریز پر موجود سعود شکیل بھی زیادہ مزاحمت نہ کرسکے اور 150 سکور پر 38 رنز پر اونچا شاٹ کھیلتے ہوئے باؤنڈری لائن پر کیچ آؤٹ ہوگئے جب کہ محمد رضوان بھی 14 رنز پر بولڈ ہوگئے۔

رضوان کے بعد آنے والے شاہین آفریدی بھی کچھ نہ کرسکے اور 151 کے مجموعی رنز پر صفر پر چلتے بنے، بعد ازاں آغا سلمان 4، نعمان علی 11 رنز اور ساجد خان ایک رنز بناکر 167 پر آؤٹ ہوگئے تاہم پاکستان نے جنوبی افریقا کو جیت کیلئے 277 رنز کا ہدف دے دیا۔

دوسرا روز

لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 313 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر کیا تو محمد رضوان 62 اور سلمان علی آغا 52 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔

محمد رضوان 362 کے مجموعے پر 75 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد اسی اوور میں نعمان علی اور ساجد خان بھی کھاتا کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے، تینوں کھلاڑیوں کو سینوران متھوسامے نے آؤٹ کیا۔

سلمان علی آغا نروس نائنٹیز کا شکار ہوگئے اور 93 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ شاہین شاہ آفریدی 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم حسن علی بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آؤٹ رہے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے متھوسامے نے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ پرینیلان سبراین نے دو وکٹیں حاصل کیں، کگیسو ربادا اور سائمن ہارمر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

جنوبی افریقا کی جانب سے پہلی اننگز کا آغاز کپتان ایڈن مارکرم اور ریان رکلٹن نے کیا تاہم ایڈن مارکرم 45 کے مجموعی سکور پر 20 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، دوسری وکٹ 80 کے مجموعی سکور پر گری جب ویان مولڈر 17 رنز بناکر کیچ تھما بیٹھے۔

مہمان ٹیم کی جانب سے ریان رکلٹن 71 رنز ، ٹرسٹان سٹبس 8، کائل ویرین 2، ڈیوالڈ بریوس بغیر کھاتا کھولے پویلین لوٹ گئے جبکہ ٹونی ڈی زورزی 81 اور سین متھوسمی 6 رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے 4، ساجد خان اور سلمان علی آغا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ہے۔

پہلا روز

یاد رہے کہ گزشتہ روز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان کی جانب سے امام الحق اور عبداللہ شفیق نے اننگز کا آغاز کیا مگر پاکستان کی پہلی وکٹ تیسری ہی گیند پر گر گئی، اوپنر عبداللہ شفیق 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، پاکستانی اوپنر عبداللہ شفیق کو ربادا نے ایل بی ڈبلیو پر آؤٹ کیا۔

عبداللہ شفیق کے آؤٹ ہونے کے بعد شان مسعود اور امام الحق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا سکور آگے بڑھایا، اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں، تاہم شان مسعود 76 رنز بنانے کے بعد پرینیلن سبریئن کی گیند پر آؤٹ ہو گئے، امام الحق 93 رنز بنا کر سینوران متھوسامی کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔

سابق کپتان بابراعظم صرف 23 رنز ہی بنا سکے جبکہ سعود شکیل نے کھاتہ کھولے بغیر پویلین کی راہ لی، جنوبی افریقہ کی جانب سے سینوران متھوسامی نے 2، کاگیسو ربادا، سائمن ہارمر اور پرینیلن سبریئن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پہلے ٹیسٹ میچ میں 38 سالہ آصف آفریدی ڈیبیو نہ کر سکے، ساجد خان وائرل فلو سے صحتیاب ہو کر ٹیم میں شامل ہو گئے۔

قبل ازیں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ سٹیڈیم نیا بنا ہے معلوم نہیں یہاں ٹیسٹ میچ کیسا ہو گا، ورلڈ چیمپئن جنوبی افریقہ کیخلاف کھیلنا ایک بہترین موقع ہے، ہمارے پاس 2 سپنرز ہیں جو طویل اوورز کرا سکتے ہیں۔

جنوبی افریقی کپتان کا کہنا تھا کہ آج کے میچ میں 2 اہم پلیئرز نہیں کھیل رہے جن کی کمی محسوس ہو گی، ہم ایسی کنڈیشنز میں کرکٹ کھیل چکے ہیں، یہاں کی کنڈیشن زیادہ چیلجنگ نہیں ہو گی۔

پاکستانی سکواڈ

شان مسعود (کپتان)، عبداللہ شفیق، امام الحق، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، حسن علی، نعمان علی اور ساجد خان قومی ٹیم میں شامل ہیں۔

جنوبی افریقی ٹیم

ٹونی ڈی زورزی، ریان رکلٹن، ویان مولڈر، ایڈن مارکرم (کپتان)، ٹرسٹان اسٹبس، ڈیوالڈ بریوس، کائل ویرین، سین متھوسمی، پرینلان سبرائین، کگیسو ربادا، سائمن ہارمر جنوبی افریقی سکواڈ کا حصہ ہیں۔