قومی ٹیم کا جنوری میں دورہ سری لنکا متوقع

Published On 13 October,2025 11:47 am

لاہور: (دنیا نیوز) جنوری 2026 میں پاکستان ٹیم کے دورہ سری لنکا کا امکان ہے، دونوں بورڈز کے درمیان بات چیت جاری ہے۔

پاکستان اور سری لنکن کرکٹ بورڈز ان دنوں آئندہ سال کی سیریز پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں، ممکنہ طور پر تین ٹی 20 میچز کولمبو میں کھیلے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق بات چیت میں 8، 10 اور 12 جنوری کو میچز رکھنے پر اتفاق ہوا ہے تاہم دیگر معاملات کا جائزہ لینے کے بعد سیریز کو حتمی شکل دی جائے گی۔

اس سے قبل سری لنکن ٹیم کو رواں سال نومبر میں پاکستان آنا ہے، پہلے 11 سے 15 نومبر تک میزبان کے ساتھ تین ون ڈے میچز ہوں گے، پھر 17 سے 29 نومبر تک افغانستان کی شمولیت سے ٹرائنگولر سیریز شیڈول ہے، البتہ پاک افغان کشیدگی کے سبب ابھی واضح نہیں کہ ٹرائنگولر سیریز ہوگی یا پاک سری لنکن ٹیمیں باہمی میچز کھیلیں گی۔

دوسری جانب پی سی بی نے ایشیا کپ کے بعد قومی کرکٹرز کے لیگز این او سی معطل کر دیئے تھے، کرکٹ آسٹریلیا کی بگ بیش کے حوالے سے پاکستانی حکام کے ساتھ بات چیت جاری ہے البتہ اگر جنوری کا دورہ سری لنکا طے ہوگیا تو این او سی کا معاملہ مزید گمبھیر ہو جائے گا۔

آسٹریلوی لیگ 14 دسمبر سے 25 جنوری تک ہونی ہے، اس میں 7 پاکستانی پلیئرز شریک ہوں گے، بابر اعظم سڈنی سکسرز، محمد رضوان اور حسان خان میلبرن رینیگیڈرز، شاہین شاہ آفریدی برسبین ہیٹ، حسن علی ایڈیلیڈ سٹرائیکرز، حارث رؤف میلبرن سٹارز اور شاداب خان سڈنی تھنڈرز میں شامل ہیں، گو کہ بابر اور رضوان فی الحال قومی ٹی 20 سیٹ اَپ کا حصہ نہیں لیکن مستقبل میں واپسی ہو سکتی ہے۔

اسی طرح شاداب خان تیزی سے فٹ ہو رہے ہیں جبکہ شاہین اور حارث ٹی 20 ٹیم کے ریگولر رکن ہیں، دورہ سری لنکا کی تصدیق ہونے کے بعد پی سی بی این او سی کا فیصلہ کرے گا۔