لاہور ٹیسٹ کا پہلا روز ختم، پاکستان نے 5 وکٹوں پر 313 رنز بنالیے

Published On 12 October,2025 05:53 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کے پہلے روز کا کھیل ختم ہوگیا، پاکستان نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 313 رنز بنالیے۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے ٹیسٹ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز پاکستان کی پہلی وکٹ تیسری ہی گیند پر گر گئی، اوپنر عبداللہ شفیق 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، پاکستانی اوپنر عبداللہ شفیق کو ربادا نے ایل بی ڈبلیو پر آؤٹ کیا۔

عبداللہ شفیق کے آؤٹ ہونے کے بعد شان مسعود اور امام الحق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا سکور آگے بڑھایا، اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں، تاہم شان مسعود 76 رنز بنانے کے بعد پرینیلن سبریئن کی گیند پر آؤٹ ہوگئے، امام الحق 93 رنز بنا کر سینوران متھوسامی کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔

سابق کپتان بابراعظم صرف 23 رنز ہی بنا سکے جبکہ سعود شکیل نے کھاتہ کھولے بغیر پویلین کی راہ لی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے سینوران متھوسامی نے 2، کاگیسو ربادا، سائمن ہارمر اور پرینیلن سبریئن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پہلے ٹیسٹ میچ میں 38 سالہ آصف آفریدی ڈیبیو نہیں کر سکے، ساجد خان وائرل فیور سے صحتیاب ہو کر ٹیم میں شامل ہوگئے۔

قبل ازیں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ سٹیڈیم نیا بنا ہے معلوم نہیں یہاں ٹیسٹ میچ کیسا ہوگا، ورلڈ چیمپئن جنوبی افریقہ کیخلاف کھیلنا ایک بہترین موقع ہے، ہمارے پاس 2 سپنرز ہیں جو طویل اوورز کراسکتے ہیں۔

جنوبی افریقی کپتان کا کہنا تھا کہ 2 اہم پلیئرز نہیں کھیل رہے جن کی کمی محسوس ہوگی، ہم ایسی کنڈیشنز میں کرکٹ کھیل چکے ہیں۔

پاکستانی سکواڈ

شان مسعود (کپتان)، عبداللہ شفیق، امام الحق، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، حسن علی، نعمان علی اور ساجد خان قومی ٹیم میں شامل ہیں۔

جنوبی افریقن سکواڈ

ٹونی ڈی زورزی، ریان رکلٹن، ویان مولڈر، ایڈن مارکرام (کپتان)، ٹرسٹان اسٹبس، ڈیوالڈ بریوس، کائل ویرین، سین متھوسمی، پرینلان سبرائین، کگیسو ربادا، سائمن ہارمر جنوبی افریقی سکواڈ کا حصہ ہیں۔