لاہور: (دنیا نیوز) قومی ریڈ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ اظہر محمود نے کہا ہے کہ آصف آفریدی پر تنقید بلاجواز ہے، ہمارا فوکس صرف مثبت کرکٹ کھیلنے پر ہے۔
قذافی سٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ریڈ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ اظہر محمود نے کہا ہے کہ پچ پر گیند سپن ضرور ہوگی مگر اتنی نہیں جتنی انگلینڈ کے خلاف ہوئی تھی، ہم نے اب دیکھنا ہے کہ ہم 20 وکٹیں کیسے لیں گے، ابھی تک پلیئنگ الیون کا فیصلہ نہیں کیا، پچ کو دیکھ کر ٹیم کا فیصلہ کریں گے۔
ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ محمد رضوان ہمارے مین وکٹ کیپر ہیں ان کے بعد ہم روحیل نذیر کو دیکھتے ہیں، جنوبی افریقا کی ٹیم ٹیسٹ چیمپئن شپ جیت کر آئی ہے لیکن ہم ہوم گراؤنڈ کی کنڈیشنز سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ٹیسٹ چیمپئن شپ میں چھ میچز کھیلنے ہیں، ہمارا فوکس مثبت کرکٹ کھیلنے پر ہے، ہم مکمل طور پر تیار ہیں اور امید ہے کہ سیریز جیتیں گے۔
اظہر محمود نے کہا ہے کہ وائٹ بال فارمیٹ کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کے کیمپ میں آنے پر مجھے کوئی اعتراض نہیں، انہوں نے وائٹ بال ٹیم کا انتخاب کرنا ہے، ان کے ساتھ مل کے کام کر رہے ہیں۔
ہیڈ کوچ نے کہا ہے کہ پتہ نہیں کیوں لوگ آصف آفریدی کی عمر پر تنقید کررہے ہیں، عمر صرف ایک نمبر ہے، آصف آفریدی کی ڈومیسٹک کرکٹ میں کارکردگی اچھی ہے، انہوں نے 2 ڈومیسٹک سیزن میں 80 آؤٹ کیے ہیں، کن کشن قوانین کے لیے ہمیں ایسے بولر کی سکواڈ میں ضرورت تھی، جنوبی افریقا کی ٹیم بھی ایک سینئر سپنر کو لائی ہے ان کی عمر بھی 38 برس ہے۔
اظہر محمود نے مزید کہا ہے کہ ابھی فیصلہ نہیں کیا کہ دو فاسٹ بولرز اور دو سپنرز کے ساتھ جانا ہے، میچ والے دن فیصلہ ہوگا کہ ایک فاسٹ بولر ہو گا یا تین سپنرز، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی ہر سیریز سے پہلے ٹیم سے ملتے ہیں، اس سے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھتا ہے۔