کولمبو: (ویب ڈیسک) آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 کے چھٹے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 88 رنز سے شکست دیدی۔
بھارت کی جانب سے ملنے والے 248 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 43 اوورز میں 159 رنز پر ڈھیر ہوگئی، سدرہ امین 81 رنز بناکر نمایاں رہیں، نتالیہ پرویز 33، سدرہ نواز نے 14 رنز بنائے جبکہ دیگر کو کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکی۔
قبل ازیں کولمبو کے پریما داسا سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان ویمن ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی، بھارتی ویمنز ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 247 رنز بناکر پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔
بھارتی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز کرنے والی پراتیکا راول اور سمرتی مندھانا نے بالترتیب 31 اور 23 رنز بنائے جب کہ ہرلین دیول نے 46 رنز کی اننگز کھیلی۔
کپتان ہرمن پریت کور 19، جمیما روڈریگز 32، دیپتی شرما 25، سنہ رانا 20 اور وکٹ کیپر بلے باز رچا گھوش نے 35 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
قومی ویمنز ٹیم کی جانب سے ڈیانا بیگ نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ سعدیہ اقبال ، فاطمہ ثنا نے 2،2 اور رامین شمیم، نشرا سندھو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں ویمنز ورلڈ کپ میں بھی بھارت نے اپنی ہٹ دھرمی برقرار رکھتے ہوئے کھیل کی روح کے منافی اقدامات جاری رکھے، ٹاس کے دوران بھارتی ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور نے پاکستانی کپتان فاطمہ ثناء سے مصافحہ نہیں کیا۔