کولمبو: (دنیا نیوز) آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ میں بنگلادیش ویمنز ٹیم نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی۔
پاکستان کی جانب سے ملنے والا 130 رنز کا ہدف بنگلادیش ویمنز ٹیم نے 31.1 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، بنگلا دیش کی جانب سے روبیہ حیدر 54 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔
قبل ازیں کولمبو میں ہونیوالے ویمنز ورلڈ کپ کے تیسرے میچ میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے بنگلادیش کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی پوری ٹیم 38.3 اوورز میں 129 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے اننگز کے پہلے ہی اوور میں 2 رنز پر 2 وکٹیں گرگئیں،عمائمہ سہیل اور سدرہ امین بغیر کوئی رن بنائے چلتی بنیں، منیبہ علی اور رمین شمیم نے ٹیم کو سہارا دیا تاہم 44 رنز کے مجموعی سکور پر منیبہ علی بھی 17 رنز بناکر آؤٹ ہوگئیں۔
پاکستان کی چوتھی وکٹ 47 کے مجموعی سکور پر گری جب رمین شمیم 23 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، سدرہ نواز 15، عالیہ ریاض 13، کپتان فاطمہ ثنا 22، نتالیہ پرویز 9 ، نشرہ سدھو ایک جبکہ سعدیہ اقبال 4 رنز بناکر پویلین لوٹ گئیں، دانیہ بیگ 16 رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیمیں ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر کھیل کر ایونٹ میں پہنچی ہیں، پاکستان اور بنگلادیش کے مابین کھیلے گئے گزشتہ چار میچز میں دونوں ٹیموں کو دو دو فتوحات حاصل ہوئی ہیں۔
قومی ویمنز ٹیم ایونٹ میں اپنا دوسرا میچ 5 اکتوبر کو بھارت کے خلاف کھیلے گی۔