پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام: مردان اور ساہیوال میں ضلعی سطح کے ٹورنامنٹ اختتام پذیر

Published On 05 October,2025 12:12 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت مردان اور ساہیوال میں ضلعی سطح پر کرکٹ ٹورنامنٹ اختتام پذیر ہوگیا۔

ساہیوال میں منعقدہ ضلعی ٹورنامنٹ میں 9 سکولوں نے حصہ لیا اور مجموعی طور پر 19 میچز کھیلے گئے، فائنل میچ میں گورنمنٹ کمپری ہینسیو سکول نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈویژنل پبلک سکول راوی کیمپس کو شکست دے کر ضلعی چیمپئن کا اعزاز حاصل کیا۔

مردان میں 8 سکولوں کے درمیان 13 میچز پر مشتمل ٹورنامنٹ کھیلا گیا، فائنل میں گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول گجرگڑھی نے غزالی پبلک سکول کٹلانگ کو شکست دے کر ٹورنامنٹ اپنے نام کیا۔

دونوں اضلاع کی فاتح ٹیمیں اب پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے اگلے مرحلے میں حصہ لیں گی، جہاں ان کا مقابلہ دیگر اضلاع کی جیتنے والی سکول ٹیموں سے ہوگا۔

یاد رہے کہ پی سی بی کے اس 40 اوور فارمیٹ پر مبنی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں ملک بھر سے 175 سرکاری اور 218 نجی سکول شریک کر رہے ہیں، جن کا مقصد نچلی سطح سے کرکٹ ٹیلنٹ کو آگے لانا ہے۔