دوحہ میں چھٹی عالمی وزارتی کانفرنس برائے مینٹل ہیلتھ کا انعقاد

Published On 03 October,2025 12:22 pm

دوحہ: (دنیا نیوز) قطر کے دارالحکومت دوحہ میں چھٹی عالمی وزارتی کانفرنس برائے مینٹل ہیلتھ کا انعقاد کیا گیا۔

وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر مختار بھرتھ نے چھٹی عالمی وزاراتی کانفرس برائے مینٹل ہیلتھ میں پاکستان کی نمائندگی کی جہاں پاکستان کی عالمی سطح پر ذہنی صحت اور مضبوط نظامِ صحت کے عزم کی توثیق کی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے صحت مختار بھرتھ نے کہا کہ پاکستان یونیورسل ہیلتھ کوریج کے حصول کو قومی ترجیح سمجھتا ہے، پاکستان کو مالی مشکلات، سیلاب کے بعد کی بحالی اور طبی عملے کی کمی جیسے چیلنجز کا سامنا بھی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ منصفانہ طبی رسائی اور مضبوط و پائیدار نظامِ صحت کے قیام کیلئے پاکستان پرعزم ہے، بچوں اور نوجوانوں کی ذہنی صحت کو پاکستان کے ترقیاتی ایجنڈے کا مرکزی جزو قرار دیا گیا ہے۔

مختاربھرتھ نے قومی صحت و آبادی پالیسی میں مینٹل ہیلتھ کو ایک بنیادی ستون تسلیم کرنے کی پیشرفت سے آگاہ کیا، انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کو وسعت دینے کیلئے بین الاقوامی تعاون اور سرمایہ کاری میں اضافہ ناگزیر ہے۔