لاہور: (دنیا نیوز) پاکستانی ڈرامہ و فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ ثنا جاوید نے اپنے نام سے منسوب تصدیق شدہ فیس بُک پیج کو جعلی قرار دے دیا۔
فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر سٹوری شیئر کرتے ہوئے ثنا جاوید نے جعلی تصدیق شدہ فیس بک پیج کے سکرین شاٹس شیئر کرتے ہوئے فالوورز کو خبردار کیا ہے۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے ایک اور انسٹا سٹوری شیئر کرتے ہوئے اپنے آفیشل فیس بک پیج کے بارے میں بھی بتایا کہ یہ ان کا آفیشل فیس بک پیج غیر تصدیق شدہ ہے۔
ثنا جاوید کے نام سے منسوب جعلی تصدیق شدہ فیس بک پیج ان کا نام اور تصویر استعمال کررہا ہے جہاں فالوورز کی تعداد 17 لاکھ سے زائد ہے جو حقیقی آفیشل پیج سے زیادہ ہیں جبکہ ثنا جاوید کے آفیشل فیس بک پیج پر فالوورز کی تعداد 12 لاکھ سے زائد ہے۔
اداکارہ نے اپنی انسٹا سٹوری میں لکھا کہ الرٹ! یہ ایک جعلی پیج ہے اور مجھے نہیں معلوم کہ اس کی تصدیق کیسے ہوئی۔
انہوں نے مزید لکھا کہ براہ کرم اس اکاؤنٹ سے کسی بھی قسم کے بیانات یا مواد کو شیئر کرنے سے گریز کریں، میں نے پہلے ہی اسے رپورٹ کردیا ہے، جلد ہی اس فراڈ پیج کے خلاف مناسب کارروائی کی جائے گی۔
ثنا نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ میں جعلی پیج پر پوسٹ کی جانے والی کسی بھی چیز کو کنٹرول یا سپورٹ نہیں کرتی اور اپنے فالوورز سے ہوشیار رہنے کی درخواست کرتی ہوں۔