پنجاب: ڈینگی کیسز میں خطرناک اضافہ، مریضوں کی تعداد 1557 تک جا پہنچی

Published On 03 October,2025 11:45 am

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب بھر میں ڈینگی مچھروں کی افزائش میں تیزی کے باعث کیسز میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں مزید 63 کنفرم مریض رپورٹ ہوئے ہیں

محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق صرف لاہور میں گزشتہ روز 19 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ راولپنڈی میں 26 مریضوں کی تصدیق ہوئی، اس وقت صوبے میں ڈینگی کے کنفرم مریضوں کی مجموعی تعداد 1557 تک جا پہنچی ہے۔

لاہور شہر میں اب تک ڈینگی کے 275 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ مشتبہ مریضوں کی تعداد بھی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ رواں سال ڈینگی مریضوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہونے کا خدشہ ہے جس کے پیش نظر مچھر مار سپرے اور دیگر احتیاطی اقدامات تیز کردیئے گئے ہیں۔