پنجاب بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 51 ڈینگی کے کنفرم مریض رپورٹ

Published On 28 September,2025 11:48 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سمیت پنجاب بھر میں ڈینگی وائرس کے کیسز میں خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر سے ڈینگی کے 51 نئے تصدیق شدہ مریض سامنے آئے ہیں، جن میں سے صرف لاہور سے 5 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

محکمہ صحت کی تازہ رپورٹ کے مطابق رواں سیزن میں پنجاب بھر میں ڈینگی کے تصدیق شدہ مریضوں کی مجموعی تعداد 1311 ہو چکی ہے، جبکہ صرف لاہور میں یہ تعداد 212 تک پہنچ گئی ہے۔

شہری علاقوں میں ڈینگی کے مشتبہ مریضوں کی تعداد میں بھی روز بروز اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کاؤنٹرز تاحال غیر فعال ہیں، جس کی وجہ سے مریضوں کو علاج معالجے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، بیشتر متاثرہ افراد نجی ہسپتالوں اور کلینکس کا رخ کرنے پر مجبور ہیں، جہاں علاج مہنگا ہونے کے باعث عام شہری کی دسترس سے باہر ہو رہا ہے۔

صوبائی وزیر صحت نے ڈینگی کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈینگی سے بچاؤ کیلئے تجویز کردہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔

دوسری جانب آزاد جموں و کشمیر میں مزید 174 مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

ڈینگی کنٹرول روم کے مطابق ڈینگی وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 1698 تک پہنچ گئی، آزاد کشمیر کے مختلف ہسپتالوں میں 31 مریض زیر علاج ہیں، جبکہ مزید 281 مریضوں کو ریکوری کے بعد گھر منتقل کر دیا گیا ہے۔