لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب بھر میں ڈینگی مچھروں کی افزائش میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس کے باعث ڈینگی کیسز کی تعداد مسلسل بڑھتی جا رہی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں ڈینگی کے 46 کنفرم کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
لاہور میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 11 نئے مریض سامنے آئے، جس کے بعد شہر میں رواں سال کے دوران رپورٹ ہونے والے کنفرم کیسز کی مجموعی تعداد 182 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ پنجاب بھر میں ڈینگی کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 1134 ہوگئی ہے۔
محکمہ صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر میں ڈینگی کے مشتبہ مریضوں کی تعداد میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، جس نے حکام کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے، رواں سال لاہور میں ڈینگی کے کیسز میں خطرناک حد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ماہرین صحت نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے گھروں اور آس پاس کے علاقوں میں صفائی کا خاص خیال رکھیں، پانی کو جمع نہ ہونے دیں اور ڈینگی سے بچاؤ کے اقدامات کو یقینی بنائیں۔