آزاد جموں و کشمیر میں مزید 55 مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق

Published On 14 September,2025 09:04 am

مظفرآباد: (دنیا نیوز) آزاد جموں و کشمیر میں ڈینگی وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 55 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 515 ہوگئی ہے۔

ڈینگی کنٹرول روم کی رپورٹ کے مطابق ضلع مظفرآباد سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ ہے، جہاں اب تک 294 کیسز سامنے آ چکے ہیں، دیگر متاثرہ اضلاع میں باغ سے 78، میرپور سے 99، پونچھ سے 19، نیلم ویلی سے 9، جہلم ویلی اور حویلی سے 5، 5، سدھنوتی سے 3 جبکہ بھمبر سے بھی 5 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اس وقت مختلف ہسپتالوں میں 24 مریض زیرِ علاج ہیں، جبکہ اب تک 114 مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو واپس جا چکے ہیں۔

محکمہ صحت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں، تاکہ ڈینگی وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے، جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ صاف پانی کے برتنوں کو ڈھانپ کر رکھنا، مچھروں سے بچاؤ کیلئے اسپرے اور جالیوں کا استعمال اور صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھنا اس وائرس سے بچاؤ کے مؤثر طریقے ہیں۔