شائقین کیلئے خوشخبری! پی سی بی کا لائیو سٹریمنگ پلیٹ فارم لانچ

Published On 10 October,2025 08:53 am

لاہور: (اسامہ غوری) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اپنا پہلا لائیو سٹریمنگ پلیٹ فارم ’پی سی بی لائیو‘ کے نام سے لانچ کر دیا جس کا مقصد دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کو براہِ راست میچز دیکھنے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔

پی سی بی کے مطابق ’پی سی بی لائیو‘ کرکٹ بورڈ کی پہلی او ٹی ٹی (OTT) سروس ہے، پہلے مرحلے میں یہ سہولت برطانیہ میں موجود شائقین کے لیے فراہم کی گئی ہے جو اپنے اکاؤنٹس live.pcb.com.pkپر رجسٹر کروا سکتے ہیں۔

کرکٹ بورڈ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یہ پلیٹ فارم بتدریج دنیا کے دیگر خطوں میں بھی دستیاب ہوگا، او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر پہلی لائیو سیریز پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلی جانے والی دکھائی جائے گی۔

کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ اکتوبر کے آخری ہفتے میں ’پی سی بی لائیو‘ کی موبائل ایپلیکیشن بھی متعارف کرائی جائے گی جس کے بعد شائقین موبائل فون اور دیگر سمارٹ ڈیوائسز پر بھی میچز دیکھ سکیں گے۔

پی سی بی کے مطابق پلیٹ فارم پر پاکستانی کرکٹ ٹیموں کے تمام بین الاقوامی میچز (ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی 20) براہِ راست نشر ہوں گے، پی ایس ایل اور منتخب ڈومیسٹک مقابلے بھی دکھائے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق صارفین کو پی سی بی آرکائیو مواد، کھلاڑیوں کے انٹرویوز، دستاویزی فلموں اور تازہ اپڈیٹس تک بھی رسائی حاصل ہوگی، پی سی بی کی یہ پیشرفت ڈیجیٹل کرکٹ براڈکاسٹنگ میں خودمختاری کی جانب اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔