لاہور: (دنیا نیوز) قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فتح کے ساتھ آغاز ہمارے لیے اچھا شگون ہے۔
لاہور ٹیسٹ میں جنوبی افریقا کے خلاف 93 رنز سے فتح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ ہماری کارکردگی اچھی رہی، کوشش ہے کہ کارکردگی میں تسلسل لائیں، ہم نے پچھلے سرکل میں غلطیاں کیں جس کی وجہ سے آگے نہ جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ایسی پچ تھی کہ جس پر نئے بلے باز کے لیے سیٹ ہونا مشکل تھا، دونوں اننگز میں ہماری آخری وکٹیں جلدی گریں جس پر قابو پانے کے لیے کوشش کر رہے ہیں۔
قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان نے کہا ہے کہ امام الحق نے اچھا کم بیک کیا اور بڑے اعتماد کے ساتھ بیٹنگ کی، بابر اعظم نے بھی دونوں اننگز میں اچھی بیٹنگ کی، عبداللہ شفیق کی دوسری اننگ میں اچھی بیٹنگ تھی۔
شان مسعود نے کہا ہے کہ شاہین کو نیا گیند نہ کروانا مشکل فیصلہ تھا لیکن بعض اوقات ایسے فیصلے کرنا پڑتے ہیں، شاہین ورلڈ کلاس بولر ہیں انہوں نے خود کہا تھا کہ میچ کو بدل دیں گے، شاہین آفریدی اور حسن علی ریورس سوئنگ کے لیے بہترین آپشنز ہیں۔
قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان نے مزید کہا ہے کہ ہمیں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں مختلف کنڈیشنز میں کھیلنا ہے، دوسرے ٹیسٹ کے لیے راولپنڈی کی پچ دیکھ کر پلیئنگ الیون کا فیصلہ کیا جائے گا۔