لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی کی بھی ازسرنو اپگریڈیشن کا فیصلہ کر لیا، آئندہ ماہ سے سٹیڈیم میں تعمیراتی کام کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق نیشنل سٹیڈیم کے تمام پرانے سٹینڈز کو گرا کر جدید طرز پر ری ماڈلنگ کی جائے گی جبکہ نظارے میں بہتری کے لیے سٹینڈز کے باہر نصب جنگلے ختم کیے جائیں گے۔
نئے ڈیزائن کے مطابق انکلوژرز قذافی سٹیڈیم لاہور سے مشابہ ہوں گے تاہم قذافی سٹیڈیم میں چھتوں کی تنصیب بعد میں مکمل کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی سی ڈی اے کے تعاون سے اسلام آباد میں نیا کرکٹ سٹیڈیم بھی تعمیر کر رہا ہے جس کا انتظامی کنٹرول سی ڈی اے کے پاس ہوگا البتہ پی سی بی کو بین الاقوامی اور ڈومیسٹک میچز کے انعقاد کی اجازت حاصل ہوگی۔
پی سی بی نے لاہور، کراچی اور راولپنڈی کے سٹیڈیمز کی اپگریڈیشن کے لیے مجموعی طور پر 18 ارب روپے مختص کیے تھے جن میں سے پہلے مرحلے میں ساڑھے 10 ارب روپے تعمیراتی کاموں پر خرچ کیے جا چکے ہیں۔