اکتوبر کے پلیئر آف دی منتھ کے امیدواروں کا اعلان، نعمان علی بھی شامل

Published On 06 November,2025 02:11 pm

لاہور: (دنیا نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اکتوبر کے پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ کے لیے نامزد کھلاڑیوں کی فہرست جاری کر دی جس میں پاکستان کے اسپنر نعمان علی بھی مردوں کی کیٹیگری میں شامل ہیں۔

مردوں کے ایوارڈ کی دوڑ میں تین سپنرز شامل ہیں جن میں نعمان علی کے ساتھ جنوبی افریقہ کے سنیوران متھوسامی اور افغانستان کے راشد خان بھی شامل ہیں۔

پاکستان کے نعمان علی نے جنوبی افریقہ کے خلاف لاہور ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے مجموعی طور پر 10 وکٹیں حاصل کیں جس کی بنیاد پر انہیں یہ نامزدگی ملی، نعمان علی آئی سی سی بولرز رینکنگ میں بھی ٹاپ ٹو پوزیشنز میں شامل ہیں۔

جنوبی افریقہ کے متھوسامی نے پاکستان کے خلاف سیریز میں 11 وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ 89 رنز بھی سکور کیے جبکہ راشد خان کو بنگلہ دیش کے خلاف بہترین بولنگ کارکردگی دکھانے پر نامزد کیا گیا ہے۔

خواتین کی کیٹیگری میں بھارت کی سمریتی مندھانا، آسٹریلیا کی ایش گارڈنر اور جنوبی افریقہ کی لورا وولوارڈٹ شامل ہیں۔

سمریتی مندھانا نے ورلڈ کپ میں 381 رنز سکور کر کے نمایاں کارکردگی دکھائی جبکہ لورا وولوارڈٹ 470 رنز کے ساتھ ورلڈ کپ کی ٹاپ سکورر رہیں، ایش گارڈنر کو ان کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بنیاد پر ایوارڈ کی دوڑ میں شامل کیا گیا ہے۔