فیصل آباد: (دنیا نیوز) جنوبی افریقا نے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان 8 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز ایک ایک سے برابر کرلی۔
پروٹیز نے گرین شرٹس کی جانب سے ملنے والا 270 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر 40.1 اوورز میں مکمل کرلیا۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کوئنٹن ڈی کوک نے 123 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی، ان کی اننگ میں 7 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے ، ٹونی ڈی زورزی 76 اور لووان پریٹوریئس 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ میتھیو بریٹزے 17 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف اور محمد وسیم جونیئر نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں فیصل آباد کے اقبال کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 269 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور صائم ایوب نے اننگ کا آغاز کیا تاہم ایک رن پر ہی پاکستان کی پہلی وکٹ گر گئی، اوپنر فخر زمان بغیر کھاتہ کھولے ہی پویلین لوٹ گئے، کریز پر موجود صائم ایوب کا ساتھ نبھانے بابر آئے تاہم وہ بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور محض 11 رنز بنا کر چلتے بنے۔
نئے آنے والے بیٹر محمد رضوان بھی کریز پر چند لمحوں کے مہمان ثابت ہوئے اور صرف 4 رنز بنا کر برگر کا شکار بنے، 22 رنز کے مجموعے پر پاکستان ٹیم تین وکٹیں گنوا چکی تھی، صائم ایوب اور سلمان آغا نے اننگ کو 114 رنز تک پہنچایا تاہم صائم بھی 53 رنز بنا کر ہمت ہار گئے اور کوربن بوش کی گیند پر انہی کے ہاتھوں کیچ تھما بیٹھے۔
پاکستان کے حسین طلعت 10 رنز بنا کر پویلین لوٹے، سلمان آغا بھی 69 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، محمد نواز نے 59 رنز کی شاندار اننگ کھیلی جبکہ فہیم اشرف 28 اور کپتان شاہین آفریدی نے ایک رن سکور کیا، محمد وسیم جونیئر نے 12 اور نسیم شاہ نے 6 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی۔
جنوبی افریقا کی جانب سے ناندرے برگر نے 4 اور قابا یومزی پیٹر نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ کوربن بوش نے ایک وکٹ حاصل کی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کا آخری اور فیصلہ کن میچ 8 نومبر کو کھیلا جائے گا۔



