ذہن بدل لیا، سیاست سے دور رہنا چاہتا ہوں: شاہد خان آفریدی

Published On 09 November,2025 11:20 am

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ میں نے اپنا ذہن تبدیل کر لیا ہے، میں سیاست سے دور رہنا چاہتا ہوں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں تقریب کے دوران شاہد آفریدی سے سوال کیا گیا کہ سوشل میڈیا پر ایک مخصوص طبقہ آپ سمیت ملک کے حقیقی ہیروز کے خلاف منفی مہم چلاتا ہے، حالانکہ آپ وہ شخصیت ہیں جو ہمیشہ اپنے ملک اور اس کے ہیروز کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں، اس بارے میں آپ کی کیا رائے ہے؟

جواب میں شاہد آفریدی نے کہا کہ اگر مجھے ان لوگوں کی باتوں کی پرواہ ہوتی تو میں کبھی کوئی بات نہ کرتا، سوشل میڈیا پر جھوٹ بول کر لائیکس یا ویوز حاصل کرنا میرا مقصد نہیں، میرا سوشل میڈیا میرے روزگار کا ذریعہ نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں سوشل میڈیا پر جھوٹ بول کر اپنی اولاد کیلئے حرام کمائی نہیں لا سکتا، اسی لئے میں سوشل میڈیا زیادہ استعمال بھی نہیں کرتا۔

سیاست میں انٹری کے سوال پر شاہد آفریدی نے کہا کہ میرے لئے دعا کیجیے گا کہ میں سیاست سے ہمیشہ دور رہوں، کیونکہ میرے پاس ایک ہی پارٹی تھی جہاں مجھے جانا تھا، لیکن 2019 یا 2020 میں ذہن تبدیل کیا اور فیصلہ کیا کہ نہیں یہ میرے بس کی بات نہیں ہے میں سیاست نہیں کر سکتا۔