افغانستان نے اپنی نئی ٹی 20 لیگ متعارف کرا دی

Published On 22 December,2025 08:39 pm

کابل: (دنیا نیوز) افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) نے نئی ٹی 20 لیگ افغانستان پریمیئر لیگ کا اعلان کر دیا۔

افغانستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے افغانستان پریمیئر لیگ کے افتتاحی سیزن میں 5 شہروں پر مشتمل فرنچائزز شامل ہوں گی، جن میں افغانستان کے نمایاں قومی کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی سٹارز اور ابھرتے ہوئے مقامی ٹیلنٹ کو بھی شامل کیا جائے گا۔

اے سی بی کے چیئرمین میر واعظ اشرف نے دبئی میں ہفتے کے روز لیگ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر کہا کہ افغانستان پریمیئر لیگ ہمارے کرکٹ سفر میں ایک اہم پیش رفت ہے، یہ ہمارے کھلاڑیوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرے گی، نئی نسل کو متاثر کرے گی اور افغانستان کرکٹ کو عالمی سطح پر اجاگر کرے گی۔

اس ٹورنامنٹ کا پہلا سیزن اکتوبر 2026 میں متحدہ عرب امارات میں شروع کیے جانے کا منصوبہ ہے جبکہ پلیئر ڈرافٹ یا آکشن جون یا جولائی 2026 میں متوقع ہے۔

یاد رہے کہ افغانستان کرکٹ بورڈ نے اس سے قبل 2018 کے اوائل میں بھی افغانستان پریمیئر لیگ کے نام سے ٹورنامنٹ کا آغاز کیا تھا، تاہم اس لیگ کا صرف ایک ہی سیزن کھیلا گیا تھا۔