سڈنی: (دنیا نیوز) بگ بیش لیگ میں برسبین ہیٹ نے انجری کا شکار ہونے والے پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کے متبادل کے طور پر ایک اور پاکستانی پیسر زمان خان کو ٹیم میں شامل کر لیا۔
24 سالہ زمان خان کو کے ایف سی بگ بیش لیگ کے باقی میچز کے لیے انٹرنیشنل ری پلیسمنٹ پلیئر کے طور پر کلیئر کر دیا گیا ہے۔
زمان خان ہفتے کو گیبا میں اپنی سابق ٹیم سڈنی تھنڈر کے خلاف میچ کے لیے دستیاب ہوں گے، وہ اس سے قبل بگ بیش لیگ کے 13ویں سیزن میں سڈنی تھنڈر کی نمائندگی کر چکے ہیں جہاں انہوں نے چار میچز میں 16.38 کی اوسط سے آٹھ وکٹیں حاصل کی تھیں، پاکستانی فاسٹ بولر اب تک پاکستان کے لیے 10 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور ایک ون ڈے انٹرنیشنل کھیل چکے ہیں، وہ پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز کی جانب سے کھیلتے ہیں جہاں ان کی کپتانی شاہین شاہ آفریدی کرتے ہیں۔
زمان خان حال ہی میں ابو ظہبی ٹی 10 ٹورنامنٹ میں بھی شریک رہے جہاں انہوں نے اپنے پہلے ہی میچ میں ہیٹ ٹرک کی، وہ پاکستان سپر لیگ، بگ بیش لیگ اور انگلینڈ کے دی ہنڈرڈ ٹورنامنٹ میں مانچسٹر اوریجنلز کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں، برسبین ہیٹ آج کافس ہاربر میں سڈنی سکسز کے خلاف ایک اہم میچ کھیلے گی جہاں ٹاپ فور میں جگہ حاصل کرنے کے لیے سخت مقابلہ متوقع ہے۔
ٹیم کے کوچ جوہان بوتھا کا کہنا ہے کہ زمان خان کی شمولیت سے بولنگ اٹیک کو مزید مضبوطی اور تجربہ حاصل ہوگا، زمان خان نئی گیند کے ساتھ وکٹیں لینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں اور اپنی رفتار و مختلف انداز کی گیندوں سے میچ کا رخ موڑ سکتے ہیں، برسبین ہیٹ ٹیم کل برسبین واپس پہنچے گی جہاں وہ گیبا میں سڈنی تھنڈر کے خلاف آئندہ مقابلے کی تیاری کرے گی۔



