فیصل آباد میں 15 روز قبل اغوا ہونے والے بچے کی لاش برآمد

Published On 20 Feb 2018 04:51 PM 

فیصل آباد: (دنیا نیوز) گلشن رحیم ٹاون سے 15 روز قبل اغوا ہونے والے 2 سالہ معصوم بچے کی لاش گھر کے قریب جوہڑ سے برآمد ہوگئی۔ پولیس نے جان بچانے کیلئے کہانی بنالی کہ بچہ خود جوہڑ میں گر کر جاں بحق ہوا ہے

تفصیلات کے مطابق 15 روز قبل گلشن رحیم ٹاؤن میں ننھیال کے گھر کے باہر سے اغوا ہونے والے 2 سالہ حسان کی لاش گھر سے تھوڑے فاصلے پر موجود جوہڑ سے برآمد ہوئی۔ تاہم 15روز تک پولیس بچے کے والدین کو تسلیاں ہی دیتی رہی۔ بچے کے اغوا کا مقدمہ فیصل آباد کےتھانہ صدر میں 7 تاریخ کو درج کیا گیا تھا۔

معصوم بچے کی لاش جوہڑ سے برآمد ہوئی تو پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس بچے کی موت کو حادثاتی رنگ دینے کیلئے کوشاں ہے جبکہ بدقسمت والد کا کہنا ہے کہ حسان کا قتل حیوانیت کی مثال ہے۔ جوہڑ کی گہرائی صرف چند انچ ہے پولیس غلط بیانی سے کام لے رہی ہے۔ فیصل آباد پولیس کی روایتی سستی سے ایک اور ننھی جان دنیا سے رخصت ہوگئی اور پولیس اہلکار اس قتل کو حادثاتی موت بنانے کیلئے کوشاں دکھائی دیتے ہیں۔