فیصل آباد: ممنوعہ ادویات کی کھلے عام فروخت پرایف آئی اے کی کارروائی

Published On 06 Mar 2018 06:14 PM 

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں مریضوں کو بے ہوش کرنے والی ادویات کی میڈیکل اسٹور پر کھلے عام فروخت، ایف آئی اے نے 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

فیصل آباد میں مریضوں کو بے ہوش کرنے والی ادویات اور ممنوعہ ادویات نشے کے عادی افراد کو بیچے جانے کا انکشاف ہوا، جس پر ایف آئی اے نے صوبائی ڈرگ انسپکٹر کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے جڑانوالہ روڈ پر قائم 2 میڈیکل اسٹورز سے بڑے پیمانے پر ممنوعہ ادویات کی کھیپ برآمد کر لی۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق مریضوں کو بے ہوش کرنے والی ادویات کی کھلے عام فروخت پر پابندی عائد ہے، جبکہ میڈیکل اسٹورز ممنوعہ ادویات نشے کے عادی افراد کو فروخت کرتے تھے۔ کاروائی کے دوران ادویات سمیت موقع سے 4 ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا۔

پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ میڈیکل اسٹورز کو سیل کر دیا گیا ہے۔ مقدمہ ڈرگ ایکٹ 1976 کی دفعات کے تحت درج کیا گیا۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان سے مزید تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔