کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے بفرزون میں فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکووں نے لوٹ مار کے دوران فائرنگ کی جس میں دونوں افراد نشانہ بنے۔
کراچی پولیس کے مطابق بفرزون سیکٹر 15 اے فائیو مدنی پکوان ہاؤس کے قریب گوشت کی دکان کے باہر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 40 سالہ دانش اور 20 سالہ سلیم شدید زخمی ہوئے، دونوں زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں دونوں دوران علاج چل بسے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واردات ڈکیتی کے دوران مزاحمت کا شاخسانہ معلوم ہوتی ہے۔ ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ موٹرسائیکل سوار ڈاکو لوٹ مار کر رہے تھے کہ اسی دوران مقتولین نے مزاحمت کی تو ڈاکووں نے گولیاں چلا دیں۔ ڈاکو موقع پر اپنی موٹرسائیکل چھوڑ کر فرار ہوگئے، جسے پولیس نے قبضے میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے۔ دونوں مقتولین کا عباسی شہید ہسپتال میں پوسٹ مارٹم کیا گیا۔ واردات پر علاقے میں شدید غم وغصہ پایا جاتا ہے۔