پھالیہ: (دنیا نیوز) پھالیہ کے نواحی گاؤں میں خاوند کے بیرون ملک جانے پر بہو نے ساس کو رسیوں سے باندھ کر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔
پھالیہ کے نواحی گاؤں رائیکے میں اخلاق احمد مسلم شیخ نے زمیندار لڑکی ثناء سے پسند کی شادی کی تھی جس پر اس کے خاندان کی طرف سے اسے قتل کی دھمکیاں دی جارہی تھیں۔ قتل کی دھمکیاں ملنے پر اخلاق احمد چوری چھپے ترکی بھاگ گیا، جس پر ثناء نے اپنے دو ساتھیوں کی مدد سے اپنی ساس زینت بی بی زوجہ محمد عظمت کو چارپائی سے باندھ کر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی اور گھر سے 2 لاکھ روپے نقدی اور زیورات لوٹ کر گھر کو بھی آگ لگا دی۔
اہل علاقہ نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا اور شدید زخمی حالت میں زینت بی بی کو ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں پر اس کی حالت کے پیش نظر اسے فوری طور پر گجرات عزیز بھٹی شہید ہسپتال ریفر کر دیا گیا۔ ایمر جنسی میں موجود ڈاکٹرز نے بتایا ہے کہ خاتون کا سارا جسم جھلس چکا ہے اور اس کے بچنے کے امکانات بہت کم ہیں۔