اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کا سستا بازار ایک بار پھر خوفناک آتشزدگی کا شکار، اڑھائی سو سے زائد دکانیں جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئیں۔ کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد فائر بریگیڈ نے آگ پر قابو پا لیا۔
اسلام آباد کا سب سے بڑا سستا بازار ایک بار پھر خوفناک آتشزدگی کا شکار، اڑھائی سو سے زائد دکانیں جل کر خاکستر ہو گئیں۔ ہر طرف آگ کے شعلے اور دھوئیں کے بادل پھیل گئے۔ پشاور موڑ پر واقع سستے بازار میں دوپہر کے وقت اچانک آگ بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے گارمنٹس سمیت سینکڑوں سٹالز کو لپیٹ میں لے لیا۔ فائربریگیڈ، ریسکیو ون ون فائیو اور پاک بحریہ کے فائر ٹینڈرز فوری طور پر پہنچے لیکن آگ اس قدر شدید تھی کہ قابو پانے میں 2 سے 3 گھنٹے لگ گئے۔
ایسے میں جہاں دکاندار خود اپنی جمع پونجی بچانے کی کوشش کرتے رہے وہیں انہوں نے کئی سوالات بھی اٹھا دیے۔ سستے بازار کے دکانداروں کا کہنا ہے کہ آخر آگ ہر بار چھٹی کے دن ہی کیوں لگتی ہے؟ محتاط اندازے کے مطابق آگ کے باعث 1 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا ہے جبکہ آگ لگنے کی کوئی وجہ سامنے نہیں آئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال بھی اگست کے مہینے میں آگ لگنے سے اس بازار میں سینکڑوں دکانیں جل گئی تھیں۔