راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی میں زیادتی سکینڈل کیس پر جے آئی ٹی تشکیل دیدی گئی۔ جس کی سربراہی ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد فیصل کریں گے۔
دنیا نیوز کے مطابق جے آئی ٹی ٹیم میں ایس پی راولپنڈی، ڈی ایس پی سٹی، اے ایس پی وارث خان، آمنہ بیگ اور سب انسپکٹر خالدہ بھی شامل ہیں۔ جے آئی ٹی نے ابتدائی تفتیش مکمل کر لی ہے۔
ذرائع کے مطابق ملزم قاسم کے موبائل سے ملنے والے مواد کے مطابق 10 لڑکیوں کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، ملزم قاسم نے علامہ اقبال یونیورسٹی سے ایم اے ہسٹری کی تعلیم حاصل کی، ملزم قاسم اور اسکی بیوی کے عالمی گینگز سے رابطے تاحال نہیں ملے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزم 2004 سے مختلف ویب سائیٹس چلاتا ہے، 2016 سے ملزم کے ذرائع آمدن ختم ہوئے، ملزم اور اس کی بیوی دونوں مل کر جرائم میں ملوث رہے۔
ذرائع کے مطابق ملزم کی بیوی معصوم لڑکیوں سے پہلے دوستی کرتی تھی، ملزم کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات اور بندش کے لیے اسٹیٹ بینک کو لکھ دیا گیا ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ملزم کے ایک اکاؤنٹ میں صرف اڑھائی ہزار روپے بیلنس ہے۔ ایف آئی اے کو تاحال تفتیش میں شامل نہیں کیا گیا۔