اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد اور راولپنڈی میں طوفانی بارش نے تباہی مچا دی، نالہ لئی میں پانی کی سطح میں اضافے پر الرٹ جاری کر دیا گیا۔ مکان کی چھت گرنے سے خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
نالہ لئی بپھرنے لگا، پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے، کٹاریاں کے مقام پر سطح ساڑھے بارہ فٹ تک پہنچ گئی۔ ڈھوک چوہدریاں کے قریب بچہ برساتی نالے میں بہہ گیا، تلاش کے لئے آپریشن شروع کر دیا گیا۔ مورگاہ کے علاقے میں مکان کی دیوار اور چھت گرنے سے 35 سالہ مسرت اور 9 سالہ بچہ ظہیر جاں بحق ہوگیا۔ نالے پر بنے گھر کی دیوار ٹوٹنے سے پانی گھر میں داخل ہو گیا۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں مطلع ابر آلود ہے، آئندہ چوبیس گھنٹے میں بارش کا امکان ہے۔
ادھر موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے نیا سپیل عید تک جاری رہے گا۔ پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بادل جم کر برسیں گے۔ پشاور، ملاکنڈ اور ہزارہ سمیت خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ تیز بارش متوقع ہے۔ بارش کے نئے سسٹم کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑوں پر لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔ بلوچستان میں قلات، سبی، ژوب اور نصیر آباد میں ندی نالوں میں طغیانی آسکتی ہے۔
دوسری طرف خلیج بنگال میں ہوا کے کم دباؤ کا سسٹم بن گیا ہے جس کی وجہ سے 9 سے 13 اگست تک کراچی سمیت میر پور خاص، ٹھٹہ، حیدر آباد، سکھر اور لاڑکانہ میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔