راولپنڈی میں نالہ لئی کی سطح بلند، دریائے چناب میں سیلاب کا خطرہ

Last Updated On 25 July,2019 03:05 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فلڈ فور کاسٹنگ ڈویژن نے مون سون کی بارشوں کے سبب مختلف دریاؤں میں سیلاب کی وارننگ جاری کر دی۔ طوفانی بارش کی وجہ سے نالہ لئی بھی بپھر گیا۔

فلڈ فور کاسٹنگ ڈویژن نے دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کر دی۔ چناب، سندھ اور دریا کابل بھی بپھر سکتا ہے۔ دریائے جہلم میں بھی منگلا کے مقام پر سیلاب کا خطرہ ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے نشیبی نالوں میں طغیانی کے پیش نظر قریبی آبادیوں کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

حالیہ بارشوں سے منگلا ڈیم میں پانی کی سطح میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ مزید 3 دن جاری رہنے کا امکان ہے۔

ادھر راولپنڈی ڈویژن میں طوفانی بارشوں کے بعد نالا لئی بھی بپھرا ہوا ہے۔ کٹاریاں پر نالہ لئی کی سطح 11 جبکہ گوالمنڈی پر 8.6 فٹ ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق گوالمنڈی کے مقام پر شہریوں کے لیے پری الرٹ جاری کر دیا گیا ہے جبکہ کٹاریاں پر پانی کی سطح 11.40 فٹ ہونے پر پری الرٹ جاری کیا جائے گا۔

دوسری طرف پی ڈی ایم اے حکام کا کہنا ہے طوفانی بارشوں سے ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، ڈی جی خان اور کشمیر کے ندی نالوں میں طغیانی آسکتی ہے۔ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے پیش نظر شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
 

Advertisement