راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دفاعی صنعت کی بہتری کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ضروری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دفاعی پیداوار اور سیکیورٹی انحصاری کے موضوع پر سیمینار ہوا ، سیمینار میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا دفاعی پیداوار کیلئے حکومتی اداروں کیساتھ نجی شراکت داری ضروری ہے، دفاعی پیداوار کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے وسیع مواقع موجود ہیں، خود انحصاری کی پالیسی کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ضروری ہے۔
سیمینار میں وفاقی وزراء زبیدہ جلال، فواد چودھری اور عبدالرزاق داؤد نے بھی شرکت کی۔ زبیدہ جلال اور فواد چودھری نے ملکی دفاعی صنعت کو موثر بنانے پر اظہار خیال کیا۔ مشیر تجارت رزاق داؤد نے قومی سلامتی میں خود مختار دفاعی صنعت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔