اڈیالہ جیل کے بیمار قیدیوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہونے کا انکشاف

Last Updated On 10 July,2019 12:24 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے بیمار قیدیوں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ جیل ہسپتال میں قیدی کی موت نے جیل میں طبی سہولیات اور حکام کی سنجیدگی کا پول کھول دیا۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ 6 جون نیب کے ایک قیدی شیخ محمد علی کی اچانک طبعیت خراب ہوئی اور جیل ہسپتال میں فوری طبی امداد نہ ملنے کی وجہ سے اس کی موت واقع ہو گئی۔

اڈیالہ جیل ہسپتال کے میڈیکل آفسر محمد یوسف نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو ایک خط ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ جیل ہسپتال میں سہولیات کا فقدان ہے، جیل میں قیدی کی موت سے متعلق ڈیوٹی ڈاکٹر کا موقف بھی خط میں شامل ہے۔

ڈیوٹی ڈاکٹر کے مطابق 6 جون کو نیب کے قیدی شیخ محمد علی کی اچانک حالت خراب ہوئی، جسے جیل ہسپتال لایا گیا، قیدی کی زندگی کو بچانے کیلئے آکسیجن کی ضرورت تھی مگر سلنڈرخالی نکلے، بروقت آکسیجن نہ ملنے سے قیدی قومہ میں چلا گیا، بعد میں موت واقع ہوئی۔