راولپنڈی: (دنیا نیوز) اڈیالہ جیل سے تصاویر وائرل ہونے کے معاملے پر انکوائری کمیٹی نے رپورٹ مکمل کرلی۔ جیل میں قید ن لیگ کے رہنماء حنیف عباسی کو اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔
اڈیالہ جیل سے مجرمان کی تصاویر وائرل ہونے کا معاملہ، انکوائری کمیٹی نے تحقیقات مکمل کر لیں، کمیٹی کے حکم پر جیل میں سرچ آپریشن بھی کیا گیا۔تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ نواز شریف، حنیف عباسی اور دیگر افراد کی وائرل ہونے والی تصاویر میں جیلر کی کرسی پر بیٹھا ہوا شخص سپریٹنڈنٹ جیل نہیں بلکہ ڈی آئی جی جیل خانہ جات راولپنڈی نوید رؤف ہے۔
رپورٹ کی روشنی میں جیل کی 8 بیرکوں میں دوسرے جیلوں سے منگوائے گئے 200 اہلکاروں نے بھرپور سرچ آپریشن کیا۔ حوالاتیوں اور قیدیوں کے سامان کی تلاشی لی گئی لیکن کوئی ممنوع چیز برآمد نہیں ہوسکی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انکوائری کمیٹی اپنی تحقیقاتی رپورٹ اتوار کو آئی جی جیل خانہ جات کو پیش کرے گی۔