لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں سزا کیخلاف مسلم لیگ ن کے سابق ایم این اے حنیف عباسی کی درخواست سماعت کے لئے منظور کرلی۔
لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس عباد الرحمان لودھی اور جسٹس شاہد مبین پر مشتمل ڈویژن بینچ نے حنیف عباسی کی درخواستوں پر ابتدائی سماعت کی۔ حنیف عباسی نے الگ الگ درخواستوں میں انسداد منشیات کی خصوصی عدالت کی سزا کالعدم قرار اور درخواست کا فیصلہ ہونے تک سزا معطل کر کے ضمانت پر رہا کرنے کی استدعا کی تھی۔
لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے ڈویژن بینچ نے حنیف عباسی کی دونوں درخواستیں قابل سماعت قرار دیتے ہوئے اے این ایف کو نوٹس جاری کردیئے، حنیف عباسی کو انسداد عدالت کی خصوصی عدالت نے 21 جولائی کو عمر قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔